جنوبی یمن کے مستقبل سے متعلق ریاض میں منعقد ہونے والے جامع مذاکرات میں شرکت کی باضابطہ یقین دہانی کے باوجود، جنوبی عبوری کونسل کے سربراہ عیدروس الزبیدی اچانک نامعلوم مقام کی جانب فرار ہو گیا، جس کے بعد یمن کی صدارتی قیادت کونسل نے ایک غیر معمولی اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے اس کی کونسل رکنیت ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
بدھ کے روز جاری کردہ سرکاری بیان میں صدارتی قیادت کونسل نے تصدیق کی کہ عیدروس الزبیدی کو پبلک پراسیکیوٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اسے جمہوریہ کی آزادی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے ارادے سے سنگین غداری کے الزام میں کام سے معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی قانونِ جرائم و سزاؤں کی دفعہ 125 کے تحت کی گئی، جیسا کہ سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا نے رپورٹ کیا۔بیان میں انکشاف کیا گیا کہ الزبیدی نے نہ صرف آئین پر حملہ کیا بلکہ ریاستی اداروں کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ایک مسلح گروہ بھی تشکیل دیا۔ اس گروہ پر الزام ہے کہ اس نے مسلح افواج کے افسران اور فوجیوں کے قتل سمیت سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔
مزید کہا گیا کہ الزبیدی نے جنوبی یمن کی حساس صورت حال کو ذاتی و سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، شہریوں کے خلاف شدید انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں اور تنصیبات و فوجی اڈوں کو تخریب کاری کے ذریعے نقصان پہنچایا۔ یہ تمام اقدامات قانونِ جرائم و سزاؤں کی دفعہ 126 کے زمرے میں آتے ہیں۔اعلامیے کے مطابق، الزبیدی کی قیادت میں قائم مسلح گروہ نے انسانی جانوں کی پروا کیے بغیر یمنی مسلح افواج کے خلاف مسلسل جھڑپوں اور محاذ آرائی کا راستہ اپنایا۔
اسی بنیاد پر پبلک پراسیکیوشن کو بھیجے گئے ریفرنس میں اس پر آئین اور آئینی اداروں پر حملے کا الزام عائد کیا گیا، جو دفعات 131 اور 132 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ الزبیدی پر آئین کی خلاف ورزی، قوانین کی نافرمانی، اور ملکی خودمختاری و آزادی کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جو اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کے محاسبے کے قانون کی دفعہ 4 کے تحت آتے ہیں۔
تحقیقاتی انکشافات کے مطابق، یمن میں قانونی حکومت کے حامی اتحاد نے بتایا کہ الزبیدی نے ریاض کانفرنس میں شرکت کا باضابطہ وعدہ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود وہ صدارتی قیادت کونسل کے کسی رکن کو اطلاع دیے بغیر اچانک فرار ہو گیا۔
اتحاد نے مزید انکشاف کیا کہ الزبیدی نے نصف شب کے قریب حدید اور الصلبان کے کیمپوں سے بکتر بند گاڑیوں، جنگی گاڑیوں، بھاری و ہلکے ہتھیاروں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود کے ساتھ افواج کو الضالع کی جانب روانہ کیا۔
بیان کے مطابق، الزبیدی نے عدن کے اندر درجنوں عناصر میں ہتھیار اور گولہ بارود تقسیم کیا، جن کی قیادت مؤمن السقاف اور مختار النوّبی کر رہے تھے۔ اس منصوبے کا مقصد عدن میں بدامنی پھیلانا، امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا اور ریاستی کنٹرول کو کمزور کرنا تھا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، الزبیدی کے خلاف یہ قانونی و عسکری اقدامات یمن کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتے ہیں، جہاں ریاست نے پہلی بار علیحدگی پسند قیادت کے خلاف براہِ راست آئینی اور قانونی قوت کا استعمال کیا ہے۔
