سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاکستان میں بارز اور شراب خانوں کے قیام کی اجازت دینے کا مؤقف اختیار کیا ہے، اور کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں یہ سرگرمیاں عام ہیں اور معاشرتی زندگی کا حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ حال ہی میں یوٹیوب میزبان شازیہ ذیشان کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیشہ، حقہ اور کیفے کلچر پر پابندیاں ہیں، جس کی وجہ سے لوگ بیٹھ کر بات چیت یا تفریح کے لیے مناسب جگہیں نہیں پا رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے یو اے ای اور ترکی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جگہ جگہ بارز موجود ہیں جہاں لوگ بیٹھ کر بات چیت کرتے ہیں، اور اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہر آنے والا شخص شراب نوشی کرے۔ ان کے مطابق بارز اور کیفے کا قیام معاشرتی اور تفریحی مقامات فراہم کرنے کے مترادف ہے، اور اسے صرف شراب نوشی کے ساتھ منسلک نہیں کرنا چاہیے۔
میزبان کے سوال پر کہ پاکستان میں شراب نوشی کی اجازت کیوں نہیں دی جا سکتی، فواد چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ جس نے شراب پینی ہے وہ پیے اور جس نے نہیں پینی وہ نہ پیے۔ انہوں نے زور دیا کہ آزادانہ انتخاب اور ذاتی ترجیح کو اہمیت دی جانی چاہیے، جیسا کہ یو اے ای اور ترکی نے کیا ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان میں عوام کے بیٹھنے، بات چیت کرنے اور سماجی میل جول کے مقامات محدود ہیں، اور بارز یا کیفے جیسے مقامات اس خلا کو پر کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام معاشرتی ترقی، نوجوانوں کے لیے مواقع، اور تفریحی ماحول کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
