پنجاب حکومت نے اخراجات میں کمی اور سرکاری نظام کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد سرکاری محکموں میں ڈاؤن سائزنگ کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ملازمین کی تعداد کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے حکومت پنجاب نے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب کی سربراہی میں کام کرے گی۔ کمیٹی میں سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس (I&C)، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس، ایڈیشنل سیکریٹری اور ایک نامزد نمائندہ شامل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کمیٹی کو وسیع اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ تمام سرکاری اداروں میں موجود اضافی عملے کی نشاندہی کرے گی۔ کمیٹی نہ صرف غیر ضروری یا زائد ملازمین کو فارغ کرنے کی سفارش کرے گی بلکہ خالی اور غیر ضروری آسامیوں کے خاتمے کا اختیار بھی رکھے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال اور انتظامی اصلاحات کے لیے جامع تجاویز بھی مرتب کرے گی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے سرکاری مشینری کو چست، فعال اور مالی بوجھ سے آزاد بنایا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاؤن سائزنگ کے اس فیصلے کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا اور تمام سفارشات کو حتمی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا، تاکہ سرکاری نظام میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔
