اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا سیاسی ونگ بن چکی ہے اور اسی وجہ سے وہ دہشتگرد تنظیم کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم آج جس دہشتگردی اور بدامنی کا سامنا کر رہی ہے، اس کے پیچھے تحریک انتشار کا منظم کردار ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو خیبر پختونخوا میں لا کر بسایا، اور ان کا لیڈر کھلے عام دہشتگردوں کو ’’شہید‘‘ کہتا رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی سے سیاسی استثنیٰ لے رکھا ہے، اسی لیے ان کی زبانیں اس معاملے پر لڑکھڑا جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی میں ہمت اور جرات ہے تو کھل کر کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف بات کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے اور ریاست آخری دم تک اس کا تعاقب کر کے اسے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔
عطاتارڑ نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایسی حکومت مسلط ہے جس کے ذہن چھوٹے اور دل تنگ ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی کے حالیہ رویے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور جاتے ہی خواتین کی تضحیک کرنا انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا کردار خواتین کے احترام کے منافی اور مجموعی طور پر گورننس کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 12 سال سے برسراقتدار پی ٹی آئی حکومت خیبر پختونخوا میں گورننس کو تباہ کر چکی ہے، جبکہ پنجاب میں ترقی سب کے سامنے ہے۔ عطاتارڑ کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، مگر کے پی بدانتظامی، نااہلی اور سیاسی انتشار کا شکار ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی قیادت پر الزام لگایا کہ انہوں نے پاک فوج کے شہداء کے لیے کبھی ایک لفظ تک نہیں لکھا، جبکہ دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے بیرونی دوروں پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ جو لوگ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر تنقید کرتے ہیں وہ نادان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی ملک پاکستان کو دعوت دیتا ہے تو وزیراعظم کا جانا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا کرنی چاہیے کہ ہر وزیراعظم کو وہی عزت ملے جو شہباز شریف کو عالمی سطح پر مل رہی ہے۔
آخر میں عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی عزت ہر پاکستانی کی عزت ہے اور قومی وقار پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
