واشنگٹن/لندن:برطانوی اخبار نے اپنی ایک تہلکہ خیز رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر ممکنہ فوجی کارروائی یا اسٹریٹجک انخلا کے منصوبے تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکی فوجی کمانڈروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ گرین لینڈ کے حوالے سے تمام ممکنہ آپشنز پر تفصیلی منصوبہ بندی کریں۔
اخبار کے مطابق سخت گیر امریکی پالیسی ساز حلقے چین اور روس سے پہلے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کے خواہاں ہیں، کیونکہ یہ خطہ دفاعی، جغرافیائی اور قدرتی وسائل کے لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔تاہم رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ تمام امریکی فوجی قیادت اس منصوبے سے متفق نہیں۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کئی سینئر امریکی فوجی افسران نے ٹرمپ کے اس منصوبے پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اس منصوبے کی کھل کر مخالفت کر دی ہے۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق گرین لینڈ پر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہوگی اور اس امکان کا قوی خدشہ ہے کہ امریکی کانگریس بھی ایسے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں اپنا اثر و رسوخ قائم نہ کر سکیں۔
ٹرمپ کے اس بیان نے عالمی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا تھا۔دوسری جانب بین الاقوامی امور کے مبصرین کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ سے متعلق امریکی منصوبہ عالمی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور نیٹو معاہدوں کے تناظر میں انتہائی تشویشناک ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا نے اس سمت میں عملی قدم اٹھایا تو یہ نیٹو اتحادیوں کے درمیان اختلافات، عالمی کشیدگی اور طاقت کے نئے تصادم کا سبب بن سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی یہ سوچ عالمی طاقتوں کے درمیان پہلے سے موجود تناؤ کو مزید خطرناک مرحلے میں داخل کر سکتی ہے، جبکہ یورپی ممالک خصوصاً ڈنمارک کے لیے یہ صورتحال سفارتی اور دفاعی سطح پر بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔
