امریکا نے مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں ہلچل مچاتے ہوئے مصر، لبنان اور اردن میں سرگرم اخوان المسلمین کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کو خطے میں شدت پسندی کے خلاف امریکی پالیسی میں ایک اہم اور سخت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اخوان المسلمین کودہشتگردتنظیم قرار دینے کا مقصد اس تنظیم کی جانب سے تشدد، انتہاپسندی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کسی بھی ایسے نیٹ ورک کو برداشت نہیں کرے گا جو ریاستی نظام، علاقائی امن اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکی حکومت اخوان المسلمین کے مالی وسائل ختم کرنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گی، تاکہ تنظیم کی سرگرمیوں کو عملی طور پر مفلوج کیا جا سکے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد اخوان المسلمین کو کسی بھی قسم کی مالی معاونت فراہم کرنا غیر قانونی تصور ہوگا، جبکہ تنظیم سے منسلک افراد، ادارے یا نیٹ ورکس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔
مزید یہ کہ امریکی میڈیا کے مطابق اخوان المسلمین کے ارکان پر امریکا میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی، جس سے تنظیم کی بین الاقوامی نقل و حرکت اور سفارتی روابط شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کا یہ فیصلہ نہ صرف خطے میں طاقت کے توازن پر اثر ڈالے گا بلکہ مصر، لبنان اور اردن سمیت کئی ممالک میں سیاسی جماعتوں اور مذہبی تحریکوں کے مستقبل پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
