یمن کے وزیرِ اعظم سالم صالح بن بریک نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یمن کی صدارتی قیادت کی کونسل نے وزیرِ اعظم کا استعفا باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یمن کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر شائع محسن الزندانی کو ملک کا نیا وزیرِ اعظم مقرر کر دیا گیا ہے، جس کے بعد حکومت میں اہم سیاسی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کو شدید سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر میں متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند تنظیم، جنوبی عبوری کونسل (STC) نے یمن کے جنوبی اور مشرقی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور سعودی عرب کی سرحد کے قریب تک پیش قدمی کی تھی۔
اس پیش رفت کو سعودی عرب نے اپنی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا تھا، جبکہ خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وزیرِ اعظم کی تبدیلی یمن کے اندرونی سیاسی توازن، علاقائی طاقتوں کے کردار اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
