لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی مزاحمت کے بعد بالآخر مفاہمت ہی واحد راستہ ہوتی ہے اور پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے سنجیدہ اور بامقصد گفتگو ناگزیر ہے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو محاذ آرائی نہیں بلکہ مکالمے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کا اختیار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو دے دیا ہے اور وہ اس بات کا بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ مذاکرات کو کس سمت میں لے جانا ہے۔ ان کے مطابق سیاست میں بات چیت ہی وہ ذریعہ ہے جس سے قومی مسائل کا حل نکلتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے فواد چوہدری سے ملاقات سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور فواد چوہدری ایک ہی جماعت میں رہے ہیں اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ، ذاتی تعلقات اور انسانی قدریں مقدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اسپتال میں تھے تو فواد چوہدری عیادت کے لیے آئے، اب اگر کوئی مہمان گھر آئے تو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ کیوں آیا۔
خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی بے پناہ مدد کی ہے اور اس کے بدلے ہمارا یہ جائز مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور افغانستان کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔
علاقائی سلامتی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران کے ساتھ سرحدی صورتحال اس وقت کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں بھارت کو شکست دی، اللہ نے ہمیں عزت دی، تاہم اس کے باوجود بھارت کی جانب سے خطرہ مکمل طور پر ٹلا نہیں اور ہمیں ہر وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
