لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ بسنت کے تہوار کو محفوظ، خوشگوار اور منظم بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک کر دیے گئے ہیں، تاکہ شہری روایتی جوش و خروش کے ساتھ اس تہوار سے لطف اندوز ہو سکیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تصدیق کی کہ بسنت کے موقع پر شہریوں کے لیے بہترین ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت عوام بلا تکلف اور سہولت کے ساتھ سفر کر سکیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بسنت کے تہوار کے دوران پنجاب کی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور عوام کو ان کی خوشیاں واپس دی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں برس بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منائی جائے گی۔شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 10 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کو پتنگ کی ڈور سے بچاؤ کے لیے مفت وائر فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بسنت سے قبل پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف 621 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور ڈور یا پتنگ کے مقررہ سائز کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ بسنت کے دوران چرخی ڈور پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ غیر قانونی ڈور استعمال کرنے والوں کو 5 سال قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس کے علاوہ 35 انچ سے بڑی پتنگ اور 40 انچ سے بڑے گڈے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
عوامی سہولت کے لیے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بسنت کے دنوں میں لاہور میں 500 فری بسیں چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو آسان اور محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات عوام کی حفاظت اور خوشیوں کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ بسنت کا تہوار روایت، رنگ اور امن کے ساتھ منایا جا سکے۔
