اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کی بنیاد پر فافن (FAFEN) نے جنوبی ایشیائی ممالک میں شرح خواندگی سے متعلق ایک جائزہ رپورٹ جاری کی ہے
جس کے مطابق پاکستان کی مجموعی شرح خواندگی 63 فیصد ہے جو خطے میں سب سے کم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018-19 کے مقابلے میں شرح خواندگی میں صرف 3 فیصد اضافہ ہوا، جو تعلیمی شعبے میں انتہائی سست پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ صنفی تفاوت بھی واضح ہے،
جہاں مردوں کی شرح خواندگی 73 فیصد جبکہ خواتین کی صرف 54 فیصد ہے۔ صوبائی سطح پر پنجاب 68 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بلوچستان 49 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ سب سے پیچھے ہے۔ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں مالدیپ 98 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سری لنکا 93 فیصد، بھارت 87 فیصد اور بنگلہ دیش 79 فیصد شرح خواندگی رکھتے ہیں، جبکہ خطے کی اوسط شرح خواندگی 78 فیصد ہے، جس سے پاکستان خاصا پیچھے ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں شرح خواندگی 77فیصد جبکہ بالغ آبادی میں یہ شرح 60 فیصد ہے۔
فافن نے یاد دہانی کرائی ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25-اے کے تحت تعلیم کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے تحت معیاری تعلیم کی فراہمی کا پابند ہے
