اسلام آباد: دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کو شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات رواں ہفتے ترکیے کے شہر استنبول میں منعقد ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات بیک ڈور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے، جن میں پاکستان اور ترکیے نے اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیے میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات پانچ ادوار کے بعد مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
علاقائی عہدیدار کے مطابق استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نہ تو ان مذاکرات کے حوالے سے زیادہ پُرامید ہے اور نہ ہی مایوس۔ ان کے مطابق استنبول مذاکرات سے یہ واضح ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز بات چیت چاہتا ہے یا نہیں۔
ایرانی سفارتی ذرائع نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی تیاریاں انتہائی سطح پر ہیں اور ملک ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ان کا دوٹوک مؤقف تھا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو سکتی۔
