پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے لاہور میں بسنت منائی جا رہی ہے اور بسنت کے دن آسمان بانی پی ٹی آئی کی پتنگوں سے بھر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام کو اس موقع پر عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
علیمہ خان نے عدالتی کارروائیوں پر بھی شدید تنقید کی۔ ان کے بقول، لگتا ہے ججوں نے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں، ان کی شکلوں پر لکھا ہے وہ بے بس ہیں، غریب پولیس والوں کو زبردستی عدالت میں جھوٹ بلوایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں عوام کو انصاف کی امید ہے، مگر موجودہ نظام میں اس امید کی کوئی گنجائش نہیں۔
علیمہ خان نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی خدشات ظاہر کیے اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر عاصم یوسف بانی کا میڈیکل چیک اپ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے کوئی پیٹیشن عدالت میں دائر نہیں کر سکتی، اور چیف جسٹس آف پاکستان نے وعدہ کیا تھا کہ میڈیکل رپورٹ فیملی کو دی جائے گی، لیکن اب تک رپورٹ فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک جانے کے لیے تین مختلف عدالتوں میں درخواستیں دی گئیں، تاکہ فنڈ ریزنگ ہو سکے، مگر عدالت نے ان کی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔ علیمہ خان نے بتایا کہ کل بشریٰ بی بی کی بیٹی نے فون پر اطلاع دی کہ بانی کی ایک آنکھ دو ہفتوں تک بلرڈ تھی، اور وہ چاہتے ہیں کہ بانی کی آنکھ کا معائنہ صرف ان کے منتخب ڈاکٹر سے ہو۔
علیمہ خان نے کہا کہ 8 فروری سے توجہ ہٹانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور بعض حکومتی اقدامات عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے ہیں۔ ان کے بقول، جب بھی بانی کی طبیعت کے بارے میں پوچھا گیا، وہ ہر چیز کو ہلکا لیتے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ پارلیمینٹیرینز کا اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ آئندہ لائحہ عمل بنایا جائے اور عمران خان کی صحت اور سیاسی امور میں متوازن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
