بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی کسی کو بسنت منانے سے منع نہیں کیا، بلکہ وہ خود بھی اس تہوار میں شریک رہیں۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ “ہم نے کسی کو نہیں کہا تھا کہ بسنت نہ مناؤ، لاہوریوں کو بسنت منانے سے کون روک سکتا ہے؟”
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کا جوش و خروش قابل دید تھا اور بچہ بچہ پتنگ بازی میں مصروف تھا۔ علیمہ خان کے مطابق ان کے بیٹے شاہریز نے بھی 6 فروری کو اپنے بچوں کے ساتھ لاہور میں بسنت منائی، جبکہ وہ خود بھی گھر پر پتنگ اڑاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کو بسنت سے روکنا آسان نہیں، یہ کسی سیاسی جماعت کی بسنت نہیں بلکہ ثقافتی روایت ہے۔
سیاسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کو کامیاب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے خاموشی سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، جس نے ثابت کیا کہ لوگ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا گھر بیٹھو، اب کہا جاتا ہے باہر نکلو، لیکن پاکستانیوں نے اپنی مرضی سے احتجاج کیا۔ جنہوں نے دکانیں بند کرنا تھیں انہوں نے کیں، جنہوں نے نہیں کرنا تھا انہوں نے نہیں کیا۔
عدالتی معاملات پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں گزشتہ دو سال کے کیسز جمع ہو چکے تھے، تاہم اب ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور اپیلوں کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ان کے اس بیان نے ایک طرف بسنت جیسے ثقافتی تہوار کو سیاسی بحث سے الگ رکھنے کی کوشش کی، تو دوسری جانب احتجاج اور عدالتی پیش رفت پر بھی پارٹی مؤقف واضح کیا۔
