سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستان نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیش رفت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کے ذریعے ’اسمیش‘ (SMASH) نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرا دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اسمیش کو دوہرے کردار (Dual-Role Capability) کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اسے سمندری اور زمینی دونوں نوعیت کے اہداف کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اینٹی شپ سیٹنگ میں اس میزائل کی رینج 290 کلومیٹر بتائی گئی ہے جبکہ اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب ہے۔ نیویگیشن کے لیے ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ایکٹو ریڈار سیکر استعمال کیا گیا ہے، جو ہدف کی درست نشاندہی کو یقینی بناتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ میزائل کو انتہائی تیز رفتار اور تقریباً عمودی زاویے سے حملے کی صلاحیت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینا ممکن ہو سکتا ہے۔ سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر سے لیس یہ میزائل ٹرمینل فیز میں آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ رفتار حاصل کر سکتا ہے، جبکہ اس کی درستگی (سی ای پی) 10 میٹر یا اس سے کم بتائی گئی ہے۔
زمینی اہداف کے لیے تیار کردہ ورژن میں بھی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے، تاہم اس میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے۔ اس سیٹنگ میں نیویگیشن مکمل طور پر ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن پر انحصار کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ورژن کی درستگی 15 میٹر یا اس سے کم اور رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
جی آئی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ دوہرے کردار کی حکمت عملی سے لاجسٹک نظام کو سادہ بنایا جا سکتا ہے اور آپریشنل اخراجات میں کمی لائی جا سکتی ہے، کیونکہ ایک ہی پلیٹ فارم مختلف مشنز کے لیے استعمال ہو سکے گا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ اور دیگر حساس خطوں میں طویل فاصلے تک درست حملہ کرنے والے ہتھیاروں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے ماحول میں اسمیش میزائل کو ایک جدید اور مؤثر آپشن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو تیز رفتار، اعلیٰ درستگی اور ملٹی رول صلاحیت کے امتزاج کی وجہ سے دفاعی منڈی میں توجہ حاصل کر سکتا ہے۔
