کولمبو: سری لنکا کے ساحل کے قریب ایرانی بحری جہاز IRIS Dena ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے، جس کے بعد سری لنکن حکام نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سری لنکن وزیر خارجہ کے مطابق جہاز پر سوار عملے کو بچانے کے لیے سری لنکن بحریہ کو روانہ کیا گیا ہے اور موجودہ صورتحال کے مطابق اب تک 30 زخمی سیلرز کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
جہاز پر کل 180 افراد سوار ہیں، اور حکام نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ باقی عملے کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔ آپریشن میں سری لنکن بحریہ کی کشتیوں اور حفاظتی عملے نے بھرپور کوششیں شروع کر رکھی ہیں، اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہر ممکن وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی انسانی نقصان نہ ہو۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری لنکن اپوزیشن رہنما نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا یہ ایرانی جہاز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری ممکنہ حملوں کے سلسلے میں نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم حکومت نے اب تک اس سلسلے میں کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔
ماہرین کے مطابق آئرس ڈینا کے ڈوبنے کا واقعہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایک سنجیدہ صورتحال پیدا کر سکتا ہے، خاص طور پر جب جہاز کی حفاظت اور عملے کی زندگیاں فوری طور پر خطرے میں ہوں۔ ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں اور صورتحال پر عالمی نگاہیں مرکوز ہیں۔
