کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کے تمام معاملات کو شفاف بنانے کے لیے اس کا مکمل آڈٹ کرایا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی اور سندھ کے بارے میں منفی باتیں کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ شہر اور یہ صوبہ پاکستان کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وہ آج جس مقام پر موجود ہیں وہ ان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر طبقے کی نمائندگی کریں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہمیشہ مثبت اور تعمیری سیاست کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے لیے جیل جا سکتے ہیں لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ان کے مطابق جب بھی سندھ میں کوئی بڑا مسئلہ سامنے آیا یا کراچی میں امن و امان کے قیام کی ضرورت پڑی تو سب سے پہلے نواز شریف نے ہی آگے بڑھ کر کردار ادا کیا۔
نہال ہاشمی نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کے اخراجات اور انتظامی معاملات کا مکمل آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ یہاں کتنے وسائل خرچ ہو رہے ہیں اور وہ کہاں استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ کوئی غلط کام کریں تو عوام اور میڈیا کو چاہیے کہ ان پر کھل کر تنقید کریں کیونکہ جمہوری معاشروں میں تنقید اصلاح کا ذریعہ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ خراب کرسیوں اور دیگر انتظامی امور کو درست کیا جائے گا تاکہ یہ تاریخی عمارت دوبارہ اپنی اصل حالت میں نظر آئے اور یہاں مثبت سرگرمیوں کا آغاز ہو سکے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ طلبہ کے لیے ایسے تعلیمی اور تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے جن کی بنیاد نواز شریف کے تعلیمی وژن پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کورس کی مدت چھ ماہ مقرر کی جائے گی تو چھ ماہ میں ہی ڈگری یا سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی غیر ضروری دعوے یا پروپیگنڈا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کو بھی گورنر ہاؤس کے پلیٹ فارم سے متعارف کرایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ روز سے گورنر ہاؤس میں مستحق افراد کے لیے سحری اور افطار کا انتظام بھی کیا جائے گا تاکہ رمضان المبارک میں ضرورت مند افراد کی مدد کی جا سکے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر نہال ہاشمی نے کہا کہ گورنر ہاؤس دراصل عوام کا گھر ہے اور وہ یہاں کسی حکمران کے طور پر نہیں بلکہ ایک نگراں کی حیثیت سے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، سندھ اور کراچی ہمیشہ قائم رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو سب سے پہلے ایک سیاسی کارکن سمجھتے ہیں، اس لیے انہیں سوشل میڈیا کی ویڈیوز بنا کر فنکار بنانے کے بجائے ایک کارکن ہی رہنے دیا جائے کیونکہ ان کی اصل شناخت سیاست اور عوامی خدمت ہے۔
