وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کے مہینے کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ بنا دی گئی ہیں اور ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
محمداورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم کی نگرانی سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ایندھن کے ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ حکام نے خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ قومی ذخائر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے ملک کی مجموعی پوزیشن تسلی بخش ہے اور مارچ کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق موجودہ سپلائی انتظامات کی بنیاد پر اپریل کے وسط تک ایندھن کی دستیابی یقینی ہے جبکہ اپریل کے اختتام تک پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مارچ کے دوران خام تیل اور دیگر اہم پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اپریل کے لیے بھی فراہمی کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی سے سپلائی کے مزید ذرائع تلاش کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ذخائر اور سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے، اس لیے عوام کو گھبراہٹ میں خریداری یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں
