لاہور کی احتساب عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیرِاعظم اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
احتساب عدالت لاہور کے جج راناآصف نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِاعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات بند کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالت کے فیصلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے خلاف اس کیس میں قانونی کارروائی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔
نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کرپشن یا بدعنوانی کے ٹھوس شواہد سامنے نہیں آ سکے۔ ادارے کے مطابق اس بنیاد پر نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی تھی۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ لاہورہائی کورٹ نے نیب کو ہدایت کی تھی کہ تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا جائے۔ اسی ہدایت کی روشنی میں نیب نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے نیب کے مؤقف اور دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف تحقیقات بند کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد اس مقدمے کی کارروائی مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے

Add A Comment