سینیٹ سیکریٹریٹ نے چیئرمین سینیٹ کے لیے نئی لینڈ کروزر کی خریداری سے متعلق خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ آف پاکستان کے مطابق لینڈ کروزر کی ادائیگی مئی 2025 میں گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے کی گئی تھی جبکہ گاڑی کی ڈیلیوری مارچ 2026 میں موصول ہوئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گاڑی لینڈ کروزر گاڑیوں کی تبدیلی کے منصوبے کے تحت حاصل کی گئی تھی۔ اس منصوبے میں قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق قائدِ ایوان اور قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے گاڑیاں فراہم کرنا بھی اسی منصوبے کا حصہ تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں سے متعلق خبروں کی اشاعت کے دوران ذمہ داری اور مکمل تحقیق کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچ سکیں۔

Add A Comment