پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے مؤثر استعمال کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 28 مارچ کو صوبہ بھر میں "ارتھ آور” منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس روز رات ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری لائٹس بند رکھی جائیں گی، تاکہ توانائی کے ضیاع کو کم کرنے اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کو نہ صرف ایک علامتی سرگرمی بلکہ ایک اجتماعی شعور بیدار کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم آج سنجیدگی سے اقدامات نہیں کریں گے تو آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی مسائل کا سامنا مزید شدت سے کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارتھ آور مہم کا بنیادی مقصد عوام میں توانائی کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی ماحولیاتی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے دنیا بھر میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔
مریم نواز نے عوام، کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری بجلی بند کر کے یہ پیغام دیں کہ ہم اپنی زمین اور مستقبل کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے چھوٹے اقدامات ہی بڑے تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنتے ہیں، اور ارتھ آور اسی سوچ کی ایک روشن مثال ہے، جو ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں توانائی کی بچت کو عادت بنانے کی ترغیب دیتا
