روس میں ایک افسوسناک فضائی حادثے کے نتیجے میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ ہو گیا، جس کے باعث 29 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ کریمیا میں پیش آیا جہاں اے این 26 اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق طیارے میں 23 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، جو اس المناک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ پرواز کے فوری بعد پائلٹ کا ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ اچانک منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد طیارے کے حادثے کا شکار ہونے کی اطلاع ملی۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے طویل تلاش کے بعد طیارے کے ملبے کو تلاش کر لیا۔ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے، تاہم حکام نے کہا ہے کہ حتمی نتیجہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ اس سلسلے میں ایک باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یہ حادثہ روسی فضائیہ کیلئے ایک بڑا سانحہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے نہ صرف فوجی حلقوں بلکہ عوام میں بھی گہرے دکھ اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے
