مکہ مکرمہ میں پانچویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے قرآنِ کریم کے ایک نایاب اور تاریخی نسخے کو عوام کیلئے نمائش میں پیش کر دیا گیا ہے، جو اسلامی فنون کا ایک شاندار نمونہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ منفرد نسخہ حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم میں رکھا گیا ہے، جہاں اسے خاص طور پر اسلامی خطاطی اور قدیم کتابت کے فن کو اجاگر کرنے کیلئے پیش کیا گیا ہے۔
اس نسخے کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی خطاطی ہے، جو کشتی کی شکل میں ترتیب دی گئی ہے، جو فنِ کتابت میں اعلیٰ درجے کی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نادر نسخہ ایک قیمتی ثقافتی ورثہ ہے، جسے چمڑے کے چھ صفحات پر اندلسی طرزِ خط میں تحریر کیا گیا ہے۔ اس میں سورہ الزخرف کی آیات مبارکہ شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نسخہ پانچویں صدی ہجری کا ہے اور اس دور میں اسلامی خطاطی، تزئین و آرائش اور کتابت کے فن کے عروج کا واضح ثبوت پیش کرتا ہے۔
یہ نادر نمونہ نہ صرف دینی اہمیت کا حامل ہے بلکہ اسلامی تہذیب، فن اور تاریخ کے حوالے سے بھی ایک قیمتی اثاثہ سمجھا جا رہا ہے، جسے دیکھنے کیلئے زائرین کی بڑی تعداد میوزیم کا رخ کر رہی ہے۔
