واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے متنازع اور طنزیہ بیان دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ ’میکرون کی اہلیہ ان کے ساتھ برا سلوک کرتی ہیں‘۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بیان ٹرمپ نے ایک ظہرانے کے دوران دیا، جہاں انہوں نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں نیٹو اتحادیوں کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں ان کی ضرورت نہیں تھی، لیکن اس کے باوجود میں نے میکرون کو فون کیا، جن کی بیوی ان کے ساتھ برا سلوک روا رکھتی ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے فرانسیسی صدر سے خلیج میں فوری طور پر جہاز بھیجنے کی درخواست کی، لیکن میکرون نے جواب دیا نہیں نہیں، ہم ایسا نہیں کر سکتے، ڈونلڈ، ہم جنگ جیتنے کے بعد ایسا کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ کے بیان نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی اور گزشتہ برس وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی یاد تازہ کر دی۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا تھا کہ ویتنام پہنچنے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کا دروازہ کھلا اور ان کے منہ پر اہلیہ کا ہاتھ لگ گیا، جسے کچھ صارفین نے ’تھپڑ‘ قرار دیا۔
تاہم واقعے کے فوری بعد فرانسیسی صدر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں مذاق کر رہے تھے اور اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق، ٹرمپ کا یہ طنزیہ بیان عالمی سیاست میں فرانسیسی صدر کی تصویر اور نیٹو کے اتحاد پر دوبارہ بحث کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اس پر تبصرے اور میمز تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔
