وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہری اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس اور اسپیڈو بس میں ٹکٹ خریدنے کے بغیر سفر کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق گرین الیکٹرو بس میں بھی مسافروں کو سفر کے دوران ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی ریلیف کے اس بڑے اقدام کا مقصد شہریوں کو ذاتی سواری کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ترغیب دینا بتایا، تاکہ شہری سہولت کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت بھی کر سکیں۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے کاشتکاروں کے لیے بھی خوشخبری سنائی اور اعلان کیا کہ ہر ایکڑ کے لیے ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی شعبے کو معاشی سہولت فراہم کی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشکل اور غیرمعمولی حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو معاشی مشکلات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جنگ اور موجودہ حالات کے باعث دنیا ایک معاشی بحران کا شکار ہے، تاہم حالات بہتر ہونے کے ساتھ عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلانے کے لیے ریلیف اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو عوامی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment