پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب “تحمل کا وقت ختم ہو چکا ہے” اور اگر امریکا نے سرخ لکیر عبور کی تو ایران کا ردعمل صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جائیں گے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ امریکا اور اس کے شراکت دار طویل عرصے تک خطے کے تیل اور گیس کے وسائل سے محروم ہو سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران نے ہمسائیگی اور علاقائی استحکام کے پیش نظر اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم امریکی قیادت نے صورتحال کی سنگینی کو نظرانداز کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے امریکی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ ان کے کتنے اہم اثاثے ایران کی پہنچ میں ہیں۔
دوسری جانب مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری بیان میں کہا کہ اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد ایرانی شہری وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ان افراد میں شامل ہیں جو ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے حالیہ بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں اور اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو اس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ اور بین الاقوامی امن پر بھی گہرے پڑ سکتے ہیں

Add A Comment