برطانیہ کے رکنِ پارلیمنٹ ایڈورڈ ڈیوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں "کرپٹ گینگسٹر” قرار دے دیا۔
برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران سر ایڈورڈ ڈیوی نے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ کسی امریکی صدر کی زبان سے ایسے الفاظ سننے کو ملیں گے کہ "ایک پوری تہذیب کو ایک رات میں تباہ کر دیا جائے گا”۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات اس بات کی واضح علامت ہیں کہ وہ بداخلاق، لاپرواہ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے عاری ہیں۔ ان کے مطابق یہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ٹرمپ نہ تو برطانیہ کے دوست ہیں اور نہ ہی آزاد دنیا کی قیادت کے اہل۔
ایڈورڈ ڈیوی نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک خطرناک اور غیر ذمہ دار رہنما ہیں، اور اس سے پہلے کہ حالات مزید خراب ہوں، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو چاہیے کہ وہ بادشاہ چارلس سوم کو امریکا کا مجوزہ دورہ منسوخ کرنے کا مشورہ دیں۔
دوسری جانب برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد افضل نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور تنازع کے حل میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، جو عالمی سطح پر ایک مثبت پیش رفت ہے
