اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) نے گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چوہدری شافع حسین، ڈاکٹر امجد، صدر پنجاب ملک ثمین خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پارٹی کے سیکریٹری جنرل طارق حسن نے گلگت بلتستان انتخابات کے لیے مجوزہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ صوبائی صدر مسلم لیگ (ق) گلگت بلتستان دلفراز خان نے انتخابی تیاریوں اور مقامی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے ذریعے پارٹی نے اپنے سیاسی مؤقف کو مزید واضح کیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان انتخابات کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے، ہم خیال جماعتوں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دیا جائے اور پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نے اپنے دورِ حکومت میں گلگت بلتستان میں نمایاں ترقیاتی کام کرائے، جن کی بنیاد پر عوام ایک بار پھر پارٹی پر اعتماد کریں گے۔
سیکریٹری جنرل طارق حسن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) گلگت بلتستان میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی اور پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ق) کی متحرک انتخابی حکمت عملی آئندہ انتخابات میں نئے سیاسی اتحاد اور مقابلے کو جنم دے سکتی ہے۔
