میکسیکو: میکسیکو میں ایک حیران کن طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون کی مسلسل کھانسی کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ اس کی ناک کی بالی کا ایک حصہ پھیپھڑے میں پھنس جانا نکلا۔
26 سالہ مونیکا دیانیرا کاربریرا باراجاس ایک ماہ تک مسلسل کھانسی میں مبتلا رہیں، جس کے بعد انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ابتدائی طور پر انہیں امید تھی کہ ایکسرے سے معمولی مسئلہ سامنے آئے گا، مگر نتیجہ نہایت غیر متوقع نکلا۔طبی معائنے میں انکشاف ہوا کہ ان کی ناک کی بالی کا ایک چھوٹا دھاتی حصہ سانس کے ذریعے اندر جا کر پھیپھڑے میں پھنس چکا تھا۔
مونیکا نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ابتدا میں انہیں اس بات کا علم ہی نہیں ہوا کہ ان کی ناک کی بالی غائب ہو چکی ہے، اور جب احساس ہوا بھی تو انہوں نے کبھی یہ تصور نہیں کیا کہ وہ اسے سانس کے ساتھ اندر لے چکی ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق یہ دھاتی ٹکڑا انتہائی حساس مقام پر موجود تھا اور ایورٹا (مرکزی شریان) سے صرف 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر تھا، جو کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔
ابتدائی سرجری، جو 20 منٹ میں مکمل ہونا تھی، ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی مگر ناکام رہی کیونکہ دھاتی ٹکڑا جسم کے ٹشوز کے ساتھ چپک چکا تھا۔ بعد ازاں ایک پیچیدہ آپریشن کے ذریعے اسے کامیابی سے نکال لیا گیا۔ماہرین کے مطابق اگر یہ ٹکڑا پھیپھڑے یا مرکزی خون کی نالی کو نقصان پہنچاتا تو پھیپھڑوں کے ناکارہ ہونے یا شہ رگ پھٹنے سے موت واقع ہو سکتی تھی۔
سرجری کے بعد مونیکا نے کہا کہ وہ ناک چھدوانے کی شوقین تھیں، مگر اب وہ دوبارہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں کیونکہ یہ تجربہ ان کے لیے انتہائی خوفناک ثابت ہوا۔ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ جسمانی زیورات خصوصاً چھوٹے دھاتی حصے حادثاتی طور پر سانس کے ذریعے اندر جا سکتے ہیں، اس لیے احتیاط انتہائی ضروری ہے
