سیول/پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائل تجربہ کرتے ہوئے متعدد میزائل فائر کر دیے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق میزائل شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی شہر سنپو کے قریب سے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 10 منٹ پر فائر کیے گئے اور تقریباً 140 کلومیٹر پرواز کے بعد سمندر میں جا گرے۔
رپورٹس کے مطابق یہ رواں ماہ کا چوتھا جبکہ رواں سال کا ساتواں میزائل تجربہ ہے، جو شمالی کوریا کی مسلسل عسکری سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب جاپان کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں گرے۔
میزائل تجربے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر بلیو ہاؤس نے ہنگامی سکیورٹی اجلاس طلب کیا اور ان تجربات کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائر کیے گئے میزائل کس نوعیت کے تھے، تاہم سنپو وہ اہم مقام ہے جہاں آبدوزوں اور آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجرباتی نظام موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق شمالی کوریا کے یہ مسلسل میزائل تجربات نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو بڑھا رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات کو بھی جنم دے رہے ہیں۔

Add A Comment