اسلامک کونسل ناروے نے بچوں اور نوجوانوں کی اسلامی تعلیم کے لیے مشترکہ نصاب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جبکہ اس موقع پر نصاب کی پہلی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔
یہ منصوبہ ناروے میں ایک معیاری، منظم اور مشترکہ تعلیمی ڈھانچہ قائم کرنے کی قومی کوشش کا حصہ ہے، جس کا مقصد مختلف مساجد اور دینی اداروں میں یکساں تعلیمی معیار کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے دوران ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی متعارف کروایا گیا، جہاں تعلیمی کتابیں اور وسائل مساجد، اساتذہ اور والدین کے لیے دستیاب ہوں گے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔
یہ نصاب آئمہ، ماہرین تعلیم اور مختلف علمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور اسے ناروے کے معاشرتی حالات اور مختلف عمر کے بچوں کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔
اسلامک کونسل ناروے کے سربراہ صاحبزادہ محمد معصوم زبیر نے اس موقع پر کہا کہ اس مشترکہ نصاب کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوانوں میں ایمان، علم اور اچھے اخلاق کو مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہے بلکہ ذمہ داری کے احساس اور بہتر شہری رویوں کو بھی جنم دیتی ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ طویل مدت میں انتہا پسندی اور معاشرتی محرومی کے خاتمے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ناروے میں پہلی مرتبہ ایک منظم اور مشترکہ دینی تعلیمی نظام کی بنیاد رکھتا ہے، جو ملک بھر کی مساجد اور تعلیمی مراکز میں یکساں نصاب کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے
