خیبر پختونخوا میں پہلی بار خواجہ سراؤں کو جیل وارڈن کے طور پر بھرتی کر لیا گیا ہے، جسے انتظامی سطح پر ایک اہم اور غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق آئندہ ہفتے سے دو خواجہ سراء صوبیہ خان اور زوہیب سینٹرل جیل میں اپنے فرائض انجام دینا شروع کریں گے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تقرریوں کا مقصد ادارے میں شمولیت، مساوات اور پیشہ ورانہ خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ معاشرتی سطح پر مثبت پیغام بھی دے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ سرکاری اداروں میں مختلف طبقات کی نمائندگی بڑھ رہی ہے، جو ایک زیادہ جامع اور متوازن نظام کی طرف قدم سمجھا جا رہا ہے
