اڑیسہ : اڑیسہ میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، جہاں محض 19 ہزار روپے حاصل کرنے کے لیے ایک بھائی نے اپنی مرحوم بہن کی قبر کھود کر اس کی باقیات بینک پہنچا دیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیانالی گاؤں کے رہائشی جیتو منڈا کی بہن کالرا منڈا نے اڑیسہ گرامین بینک میں 19 ہزار 300 روپے جمع کرا رکھے تھے، تاہم دو ماہ قبل اس کا انتقال ہو گیا تھا۔ خاتون کے شوہر اور اکلوتے بچے کی وفات کے بعد جیتو ہی اس کا واحد قریبی رشتہ دار رہ گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جب جیتو منڈا بینک سے رقم نکلوانے پہنچا تو بینک انتظامیہ نے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی، جس میں اکاؤنٹ ہولڈر کی موجودگی یا پھر موت کا سرٹیفکیٹ اور وراثتی دستاویزات پیش کرنا شامل تھا۔
چونکہ جیتو کے پاس نہ کوئی دستاویزات تھیں اور نہ ہی قانونی طریقہ کار کا علم، اس لیے اس نے ایک انتہائی غیر معمولی اور افسوسناک قدم اٹھایا۔ وہ گاؤں واپس گیا، اپنی بہن کی قبر کھودی، اس کی باقیات کپڑے میں لپیٹیں اور کندھے پر اٹھا کر بینک پہنچ گیا تاکہ اپنی بات ثابت کر سکے۔
یہ منظر دیکھ کر بینک میں موجود عملہ اور شہری شدید خوف اور حیرت میں مبتلا ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد بینک انتظامیہ میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف دیہی علاقوں میں شعور اور قانونی آگاہی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ مالیاتی اداروں کے طریقہ کار عام شہریوں کے لیے کس قدر پیچیدہ اور ناقابلِ فہم ہو سکتے ہیں۔
