اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو دہرانا ہے۔
ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت جیسے مسائل کے باعث مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ یومِ مزدور کے موقع پر بھی بڑی تعداد میں محنت کش روزگار کی تلاش میں مصروف دکھائی دیے اور بہت سے افراد بغیر کسی وقفے کے کام کرتے رہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کی قربانیاں زندگی کے نظام کو رواں رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک پاکستان کی قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے حقیقی نمائندہ ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یومِ مزدور ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم سب کو مل کر محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، بہتر اجرت اور محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ انہیں ایک باوقار اور محفوظ زندگی میسر آ سکے۔
