اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عوام پر ایک بار پھر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کر کے اسے 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 3 روپے 88 پیسے کم کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کر دی گئی ہے، جو اس سے قبل صفر تھی۔ ذرائع کے مطابق یکم مئی کی تعطیل کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان قبل از وقت کیا گیا۔
دوسری جانب اوگرا کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پیٹرول پمپس کی ہڑتال کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
ادھر عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی تیل مارکیٹ غیر یقینی کا شکار ہے، جس کے اثرات براہ راست پاکستان سمیت دیگر ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں
