ریاض: سعودی کرکٹ فیڈریشن نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 لیگ کے ساتھ ایک بڑی سٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مملکت میں کرکٹ کے فروغ اور اسے عالمی سطح پر وسعت دینا ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف سعودی کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ سعودی عرب کو مستقبل میں کرکٹ کا ابھرتا ہوا مرکز بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔
اس شراکت کے تحت سعودی کھلاڑیوں کو آئی ایل ٹی 20 لیگ کے مقابلوں میں براہ راست شرکت کا موقع ملے گا جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بین الاقوامی معیار کے تجربے سے ہمکنار ہونے کا موقع فراہم ہوگا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب مستقبل میں لیگ کے ٹی 20 میچز کی میزبانی بھی کرے گا، جو مقامی سطح پر کرکٹ کلچر کو مضبوط کرے گا۔
معاہدے میں کرکٹ کے مقامی ڈھانچے کو بہتر بنانے، شائقین کے تجربے کو جدید انداز میں ڈھالنے اور مختلف طبقوں میں اس کھیل کو عام کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ اس سے کرکٹ نہ صرف کھیل کے شوقین نوجوانوں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک مثبت اور دلچسپ سرگرمی کے طور پر ابھرے گی۔
سعودی کرکٹ فیڈریشن کے صدر شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود نے کہا کہ یہ شراکت سعودی عرب کوکرکٹ مرکز بنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔ یہ اقدام کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کو عالمی مقابلوں سے جوڑتے ہوئے وژن 2030 کے سفر کو نمو، مواقع اور ترغیب کے نئے میدان میں سہارا دے گا۔
یہ شراکت داری کرکٹ کی دنیا میں سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کو اجاگر کرتی ہے اور ماہرین کے مطابق یہ اقدام خطے میں کھیلوں کے نئے دور کی شروعات کرے گا۔
