شارجہ: افغانستان نے شارجہ میں جاری سہ ملکی ٹی20 سیریز کے چوتھے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ افغانستان نے نہ صرف پاکستان سے بدلہ چکا دیا بلکہ سیریز میں بھی برابری حاصل کر لی۔
میچ کا آغاز افغانستان کے ٹاس جیتنے سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے باوجود صدیق اللہ اٹل اور ابراہیم زدران نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 113 رنز جوڑے، جس سے پاکستانی باؤلرز پر واضح دباؤ نظر آیا۔ صدیق اللہ اٹل نے 64 جبکہ ابراہیم زدران نے 65 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ افغان ٹیم 200 کے قریب ہدف سیٹ کرے گی، مگر فہیم اشرف کی شاندار باؤلنگ نے رفتار کو بریک لگا دیا۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر 4 قیمتی وکٹیں حاصل کیں، اور افغان ٹیم کو 169 رنز تک محدود رکھا۔
جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن شدید دباؤ کا شکار نظر آئی۔ صرف فخر زمان، صابزادہ فرحان، اور حارث رؤف کچھ مزاحمت دکھا سکے۔ فخر زمان نے 25، فرحان نے 18، سلمان آغا نے 20، محمد نواز نے 12 اور فہیم اشرف نے 14 رنز بنائے، مگر حیران کن طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی حارث رؤف رہے، جنہوں نے 34 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ پاکستانی ٹیم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 151 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ میچ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیریز کا دوسرا مقابلہ تھا۔ پہلے میچ میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی، مگر اس بار افغان ٹیم نے حساب چکتا کر دیا۔ اب سیریز دلچسپ موڑ اختیار کر چکی ہے، اور شائقین کرکٹ آئندہ میچوں میں مزید سنسنی خیز مقابلوں کی توقع رکھ رہے ہیں۔
