ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کل پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہونے والے ہائی وولٹیج میچ سے قبل ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ آئی سی سی نے ایک بار پھر متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو میچ آفیشیٹ کرنے کے لیے تعینات کردیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ نے شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق اس فیصلے کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کردی، جبکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند رکھنے کے لیے موٹی ویشنل اسپیکر کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی دباؤ کے باوجود میدان میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق میچ سے قبل ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان آغا کی زیر صدارت بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں بیٹسمینوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کیا اور غلطیوں پر قابو پانے کا عزم کیا۔ کوچ نے کھلاڑیوں کو ڈاٹ بالز کم کرنے اور اسٹرائیک روٹیشن پر زور دینے کی ہدایت دی۔
پاکستان نے دبئی میں بھرپور پریکٹس سیشن بھی مکمل کیا جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارت کے خلاف کل کے میچ میں ایک سے دو تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ میچ میں بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کے برعکس پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، جبکہ ریفری اینڈی پائیکرافٹ پر بھی جانبداری کے الزامات لگے تھے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو باقاعدہ شکایت درج کرائی تھی اور اینڈی کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے اسے تسلیم نہیں کیا۔
ادھر کل ہونے والے میچ کے لیے ٹکٹوں کی مانگ بھی آسمان کو چھو رہی ہے۔ سب سے کم قیمت ٹکٹ 350 درہم یعنی تقریباً 27 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔ شائقین پرجوش ہیں کہ آیا پاکستان اس بار بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں کم بیک کرتا ہے یا نہیں۔
