نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین نے پاک بھارت میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں اظہرالدین نے کہا کہ کھیل کا مقصد صرف جیت یا ہار نہیں بلکہ دنیا کو مثبت پیغام دینا بھی ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور پوری ٹیم کا یہ رویہ کھیل کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کرکٹ ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تعلقات میں نرمی لانے کا ذریعہ رہی ہے، لیکن حالیہ واقعہ نے کھیل کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے۔
اظہرالدین نے واضح کیا کہ میدان میں رویے کی اہمیت کارکردگی جتنی ہی زیادہ ہے، اور بھارتی ٹیم کو اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ کھیل صرف مقابلے کا نام نہیں بلکہ تعلقات جوڑنے اور احترام کا مظاہرہ کرنے کا بھی ذریعہ ہے
