کرکٹ کے دیوانوں کے لیے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں۔ برسوں سے جس لمحے کی خواہش کی جا رہی تھی، وہ لمحہ آخرکار حقیقت بن گیا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ اتوار کی شب دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ اس موقع پر نہ صرف دبئی اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوگا بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں شائقین ٹی وی اسکرینز کے ذریعے اس تاریخی لمحے کے گواہ بنیں گے۔
ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا، لیکن حیران کن طور پر آج تک پاکستان اور بھارت کبھی بھی اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے نہیں آئے۔ ہر ایڈیشن میں شائقین کو یہ امید رہتی تھی کہ شاید اس بار فائنل پاک بھارت ٹاکرے سے سج جائے، مگر قسمت نے کبھی ایسا موقع نہیں دیا۔ 2025 کے ایڈیشن نے تاریخ بدل ڈالی ہے اور اس بار کروڑوں دلوں کی دھڑکن ایک ساتھ تیز ہو رہی ہے۔
ایشیا کپ کی شروعات ہی پاک-بھارت مقابلوں کی وجہ سے اہم سمجھی جاتی رہی ہے۔ شائقین کے لیے یہ میچ صرف کھیل نہیں بلکہ ایک ایسا جشن ہوتا ہے جس میں جوش، جنون اور بے پناہ جذبات شامل ہوتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ عام میچ نہیں ہوتا کیونکہ یہاں کارکردگی کی بنیاد پر ہیرو یا ولن بننے کا فیصلہ ہو جاتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلے سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں ممالک کی تاریخی کشیدگی اور کھیل میں برتری حاصل کرنے کی خواہش ان مقابلوں کو مزید سنسنی خیز بنا دیتی ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے دباؤ دگنا ہو جاتا ہے اور ہر رن، ہر وکٹ اور ہر کیچ کروڑوں دلوں کو جھنجھوڑ دیتا ہے۔
اسی دباؤ اور جنون کے باعث کہا جاتا ہے کہ پاک-بھارت میچ کھیل نہیں بلکہ جنگ کے مترادف ہوتا ہے۔ اب جب یہ میچ فائنل میں تبدیل ہو گیا ہے تو اس کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ یہ صرف ایشیا کپ کی ٹرافی کی جنگ نہیں بلکہ وقار، برتری اور اعزاز کا مقابلہ ہوگا۔
ایشیا کپ 2025 کے دوران اب تک پاکستان اور بھارت دو بار آمنے سامنے آ چکے ہیں، اور دونوں بار بھارت نے فتح حاصل کی۔ بھارتی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ضرور ہے، لیکن فائنل میں پاکستان کے پاس بدلہ لینے کا بہترین موقع ہے۔ یہ میچ نہ صرف ٹرافی جیتنے کے لیے ہوگا بلکہ حساب برابر کرنے کا بھی۔
پاکستانی شائقین کو امید ہے کہ ٹیم اس بار جیت کر تاریخ رقم کرے گی اور 13 سال بعد ایشیا کپ کی ٹرافی وطن لے کر آئے گی۔ دوسری طرف بھارتی شائقین پرجوش ہیں کہ ان کی ٹیم ایک بار پھر ایشیا کپ پر قبضہ جما لے گی۔
1984 میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ میں اب تک صرف تین ٹیمیں ہی فاتح بن سکی ہیں جن میں بھارت، سری لنکا اور پاکستان شامل ہیں۔ بھارت سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ اپنے نام کر چکا ہے جبکہ سری لنکا نے یہ ٹرافی 6 مرتبہ جیتی ہے۔ پاکستان نے اب تک صرف دو بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پہلی مرتبہ 2000 میں معین خان کی قیادت میں اور دوسری مرتبہ 2012 میں مصباح الحق کی کپتانی میں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان نے دونوں بار یہ کامیابیاں 50 اوورز کے فارمیٹ میں حاصل کیں۔2014 کے بعد سے ایشیا کپ کا فارمیٹ تبدیل کیا گیا اور اب یہ ایک بار ون ڈے اور اگلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جاتا ہے۔ 2025 کا ایڈیشن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں جاری ہے، جو فائنل کی سنسنی کو کئی گنا بڑھا رہا ہے۔ پاک-بھارت ٹی ٹوئنٹی مقابلے ویسے ہی دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور جب یہ فائنل میں ہو تو پھر معاملہ اور بھی خاص ہو جاتا ہے۔
اتوار کی رات دبئی کرکٹ اسٹیڈیم صرف ایک کھیل کا میدان نہیں ہوگا بلکہ جذبات، امیدوں اور خوابوں کا مرکز ہوگا۔ سرحد کے دونوں طرف عوام اپنی اپنی ٹیم کے لیے دعائیں کریں گے۔ ایک چھکا، ایک وکٹ یا ایک رن شائقین کو خوشی سے جھومنے یا افسردہ ہونے پر مجبور کرے گا۔
یہ فائنل صرف ایشیا کپ ٹرافی کا نہیں بلکہ قومی وقار کا مقابلہ ہے۔ جیتنے والی ٹیم نہ صرف ٹرافی لے جائے گی بلکہ اپنے عوام کے دل بھی جیتے گی۔ ہارنے والی ٹیم کے لیے یہ صرف شکست نہیں بلکہ کروڑوں خوابوں کے ٹوٹنے کے مترادف ہوگا۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میچ محض ایک کھیل نہیں بلکہ تاریخ کا حصہ بننے والا ہے۔ پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں ٹکرا رہے ہیں، اور یہ لمحہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اتوار کی رات دنیا کرکٹ کا سب سے بڑا شو دیکھنے کے لیے تیار ہے
