اسلام آباد:پاکستان کے سابق اور موجودہ کرکٹرز سے منسوب مبینہ فراڈ کی خبروں پر بالآخر کھلاڑیوں نے خاموشی توڑ دی ہے۔ کرکٹرز نے زیرِ گردش خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ایک نجی کمپنی میں باقاعدہ، قانونی اور باخبر سرمایہ کاری کی تھی اور اب تک انہیں کسی قسم کے دھوکے یا فراڈ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
کھلاڑیوں کے مطابق متعلقہ کمپنی ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ مارچ تک تمام واجبات کلیئر کر دیے جائیں گے۔ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ تاحال صرف دو چیکس واپس آئے ہیں، جنہیں کسی بڑے مالی بحران یا فراڈ سے جوڑنا قبل از وقت اور غیر ضروری ہے۔
اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں سے براہِ راست رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں نے آگاہ کیا کہ فی الحال صورتحال تشویشناک نہیں اور اگر معاملے میں کوئی نئی پیش رفت ہوئی تو فوری طور پر بورڈ کو مطلع کیا جائے گا۔
کھلاڑیوں نے یہ بھی بتایا کہ کمپنی کا مالک دبئی میں مقیم ہے اور مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ واجبات کی ادائیگی کے لیے مارچ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، جس پر کمپنی نے عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دوسری جانب اس سے قبل سامنے آنے والی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مبینہ فراڈ کے حوالے سے کرکٹرز نے نہ تو کسی فورم پر باضابطہ شکایت درج کروائی اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ سے تحریری طور پر رجوع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بعض کھلاڑیوں نے ایک سابق کپتان کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے ایک کاروباری شخصیت کے ساتھ سرمایہ کاری کی، جبکہ موجودہ کرکٹرز میں بھی سابق اور موجودہ کپتانوں کے نام شامل ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
یہ بھی کہا گیا کہ غیر معمولی منافع کے حصول کی امید میں کچھ کھلاڑیوں نے براہِ راست اس کاروباری شخص کو کروڑوں روپے فراہم کیے، جس کے بعد مبینہ فراڈ کی خبریں سامنے آئیں۔
تاحال کسی بھی کرکٹر کی جانب سے قانونی کارروائی یا باضابطہ شکایت کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم یہ معاملہ بدستور کرکٹ اورکاروباری حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
