ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے نے عالمی کرکٹ کے ایوانوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے غیر معمولی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کے پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل پر گہرے اور طویل المدتی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
آئی سی سی نے حکومتِ پاکستان کے اس بیان کا نوٹس لیا ہے جس میں پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت تو دی گئی ہے، تاہم انڈیا کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے سے روک دیا گیا ہے، جسے آئی سی سی نے عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی تصور کے منافی قرار دیا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ عالمی ٹورنامنٹس کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر منعقد ہوتے ہیں اور کسی بھی ٹیم کی جزوی شرکت نہ صرف مقابلے کی روح کو مجروح کرتی ہے بلکہ پورے ٹورنامنٹ کی ساکھ کو بھی خطرے میں ڈال دیتی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق عالمی ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق برابر کی بنیاد پر مقابلہ کریں، جبکہ کسی ایک میچ سے انکار پورے نظام کو عدم توازن کا شکار کر سکتا ہے۔
آئی سی سی نے اگرچہ اس امر کو تسلیم کیا ہے کہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کا کردار ہوتا ہے، تاہم اس کے ساتھ یہ بھی دوٹوک انداز میں کہا گیا ہے کہ ایسا فیصلہ نہ عالمی کرکٹ کے مفاد میں ہے اور نہ ہی دنیا بھر کے شائقین، بالخصوص پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے حق میں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے مکمل یا جزوی بائیکاٹ کی راہ اپنائی تو پی سی بی کو آئی سی سی کی جانب سے ملنے والے سالانہ مالی فنڈز کی معطلی، مستقبل کے عالمی ایونٹس سے محرومی اور ممکنہ پابندیوں جیسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ نہ ہونے کی صورت میں آئی سی سی، براڈکاسٹرز اور اسپانسرز کو اربوں ڈالر کے مالی نقصان کا خدشہ ہے، کیونکہ یہ مقابلہ دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ میچز میں شمار ہوتا ہے۔
سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی عدم شرکت یا میچ سے انکار سے نہ صرف ورلڈ کپ کا توازن بگڑ جائے گا بلکہ عالمی کرکٹ میں پاکستان کا اثر و رسوخ بھی کمزور پڑ سکتا ہے۔
آئی سی سی نے اس تمام صورتحال کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ پر زور دیا ہے کہ وہ معاملے کے طویل المدتی نتائج کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کرے جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو، عالمی کرکٹ کے استحکام کو یقینی بنائے اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھ سکے
