عراق کی قومی فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پلے آف میچ میں عراق کی جانب سے ابتدا ہی میں علی الحمادی نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم بولیویا نے جلد ہی مقابلہ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں ایمن حسین نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے عراق کو تاریخی فتح دلائی۔
اس کامیابی کے ساتھ عراق ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی 48ویں اور آخری ٹیم بن گیا ہے، اور اب وہ گروپ مرحلے میں فرانس، ناروے اور سینیگال جیسی مضبوط ٹیموں کے مدمقابل ہوگا۔
یہ عراق کی 1986 کے بعد پہلی ورلڈ کپ شرکت ہوگی، جس پر شائقین فٹبال میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ٹیم کے کوچ گراہم آرنلڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے غیر معمولی جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا اور تقریباً 4 کروڑ 60 لاکھ عراقی عوام کو خوشی دی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں حالات کشیدہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق عراق کی یہ کامیابی نہ صرف کھیل کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ یہ قوم کیلئے امید اور اتحاد کی علامت بھی بن گئی ہے
