پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں شریک متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں کو اماراتی کرکٹ بورڈ نے اچانک وطن واپس بلا لیا ہے، جس سے فرنچائز کراچی کنگز کو دھچکا پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کنگز میں شامل یو اے ای کے دو اہم کھلاڑی خزیمہ بن تنویر اور محمد وسیم وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ انہیں اماراتی بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ڈی 50 ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی ڈی50 کے کم از کم دو میچز کھیلنے کے بعد دوبارہ کراچی کنگز کو جوائن کر سکتے ہیں، جس سے ٹیم کو وقتی طور پر اپنے کمبی نیشن میں تبدیلی کرنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کا اگلا اہم میچ 9 اپریل کو کراچی میں پشاور زلمی کے خلاف شیڈول ہے، جہاں ٹیم کو اپنے کلیدی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس اچانک تبدیلی سے ٹیم کی حکمت عملی متاثر ہو سکتی ہے، تاہم کھلاڑیوں کی ممکنہ واپسی کراچی کنگز کے لیے ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔
