اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل صرف 17 دن میں مکمل ہو گیا، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ 18 ہزار 60 پاکستانی شہریوں نے درخواستیں جمع کرائیں۔
حکام کے مطابق یہ غیر معمولی اور ریکارڈ رفتار سے موصول ہونے والا ردعمل گزشتہ تمام برسوں کے مقابلے میں منفرد ہے، جسے عوام کے مذہبی جذبے اور اعتماد کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔ رواں سال درخواستیں "پہلے آؤ، پہلے پاؤ” کی بنیاد پر آن لائن پورٹل اور نامزد بینکوں کے ذریعے وصول کی گئیں، جہاں طویل اور مختصر دورانیے کے حج پیکجز کی سہولت فراہم کی گئی۔
ہر درخواست گزار سے مجموعی حج اخراجات کی پہلی قسط وصول کی گئی جبکہ دوسری قسط بعد میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ اب درخواستوں کی جانچ پڑتال کا مرحلہ جاری ہے جس کے مکمل ہونے پر کامیاب عازمینِ حج کو آئندہ کے مراحل، تربیتی سیشنز، ویزا پراسیسنگ، سفری شیڈول اور دیگر امور سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج 2026 کی تیاریوں کو اس بار جدید طریقہ کار، مؤثر کوآرڈینیشن اور شفاف نظام کے تحت غیر معمولی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ عازمین کو ایک منظم اور سہولت بخش روحانی سفر فراہم کیا جا سکے۔
