ریاض: مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی فورس نے کارروائی کرتے ہوئے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک پاکستانی شہری پر بغیر حج اجازت نامے کے مکہ مکرمہ میں قیام کا الزام ہے، جبکہ مزید 5 پاکستانیوں کو بغیر اجازت عازمینِ حج کو سہولیات فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق حج اجازت نامے کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال سے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ اور سخت سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج ویزہ رکھنے والوں کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل 2026 کے بعد مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا قیام کی اجازت نہیں، جبکہ دیگر عارضی ویزوں پر موجود افراد کا اس مدت کے بعد قیام غیر قانونی تصور ہوگا۔
سعودی حکام نے عمرہ ویزہ رکھنے والوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے ممالک واپس چلے جائیں، بصورت دیگر 50 ہزار ریال تک جرمانہ، 6 ماہ قید اور بے دخلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید برآں، حج ویزہ کے علاوہ دیگر ویزہ رکھنے والوں کو رہائش فراہم کرنا بھی جرم قرار دیا گیا ہے، جس پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

Add A Comment