کراچی: پاکستان سے حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، پہلی پرواز کراچی سے 160 عازمین کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوئی۔پہلی حج پرواز کو گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے رخصت کیا، اس موقع پر عازمین حج کو مبارکباد دی گئی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی حکام عازمین کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کریں گے، جس سے سعودی عرب پہنچنے پر وقت اور مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ادھر سعودی میڈیا کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل ممالک کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے، اور رواں سال 17 مختلف اسٹیشنز سے اس منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
اس انیشیٹیو میں پاکستان کے علاوہ مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، بنگلادیش، ترکیہ، جمہوریہ آئیوری کوسٹ اور مالدیپ بھی شامل ہیں، جس کا مقصد عازمین کو سفری سہولیات فراہم کرنا اور حج کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔
حکام کے مطابق حج آپریشن کے دوران ملک بھر سے ہزاروں عازمین مرحلہ وار سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جائیں گے
