جدہ، سعودی عرب: حج کانفرنس اور نمائش کا پانچواں ایڈیشن 9 تا 12 نومبر جدہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا موضوع ہے "مکہ سے دنیا تک” یہ ایونٹ وزارت حج و عمرہ اور مہمانوں کی خدمت کے پروگرام کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کے منصوبے اور انسانی وسائل کے تزویراتی معاہدے پیش کیے جائیں گے تاکہ حجاج کی خدمت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ کانفرنس سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق حج اور عمرہ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔ اس کا مقصد حج کے انتظامات میں جدید ترین حل اور اختراعات متعارف کرانا اور عوامی، نجی و غیر منافع بخش شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم کرنا ہے۔
ایونٹ میں دنیا بھر سے سرکردہ ماہرین، محققین اور حج کے شعبے کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اس کے تحت 80 سے زائد ڈائیلاگ سیشنز اور 60 خصوصی ورکشاپس رکھی گئی ہیں، جس میں حج اور عمرہ کے انتظامات کے جدید ترین پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر کے 2,400 سے زائد ٹرینیز بھی حصہ لے رہے ہیں، جو اپنی مہارتیں بڑھانے اور عالمی سطح پر حج کی خدمات میں بہتری لانے کے لیے تربیت حاصل کریں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف سعودی عرب کے حج نظام کو مؤثر بنائے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر حجاج کی خدمت اور سہولیات کو بہتر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
