اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کی لازمی تربیت یکم جنوری سے اسلام آباد سے آغاز ہو گی، جو ملک بھر میں عازمین حج کو ہرممکن رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مرحلہ وار منعقد کی جائے گی۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق تربیتی شیڈول کی معلومات موبائل ایپ ’پاک حج 2026‘ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مکمل شیڈول وزارت کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔
تربیتی پروگرام ملک کے مختلف شہروں اور اضلاع میں مرحلہ وار منعقد کیا جائے گا تاکہ ہر عازم حج تربیت حاصل کر سکے۔ یکم جنوری کو اسلام آباد سے آغاز ہوگا، 2 جنوری کو ایبٹ آباد، اور 3 جنوری کو گھوٹکی، ٹھٹھہ اور کوٹلی آزاد کشمیر میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ 4 جنوری کو میرپور آزاد کشمیر، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور سندھ میں تربیتی سیشنز منعقد ہوں گے، جبکہ 5 جنوری کو راولا کوٹ آزاد کشمیر، بدین اور نوشہرو فیروز میں پروگرامز ہوں گے۔
6 جنوری کو فتح جنگ، دادو اور تھرپارکر (مٹھی) میں تربیتی کیمپز لگیں گے، 7 جنوری کو عمر کوٹ، لاڑکانہ اور ہری پور، اور 8 جنوری کو میرپور خاص، شہداد کوٹ اور مانسہرہ میں عازمین کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ ایک روزہ تربیتی پروگرامز فروری تک ملک بھر کے تحصیل سطح پر جاری رہیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے نجی حج عازمین کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کوئی بھی حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا۔ اسی طرح وزارت نے نجی حج آپریٹرز کے لیے قواعد و ضوابط مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ شفافیت، احتساب اور عازمین حج کی آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عازمین حج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ اور کمپیوٹرائزڈ رسید اپنے ہمراہ رکھیں اور اپنے شیڈول کے مطابق ایک روزہ تربیتی پروگرام میں لازمی شرکت کریں۔ تربیت میں حج کے مناسک، حفاظت، سفری ہدایات اور رہائش کی معلومات شامل ہوں گی، تاکہ عازمین ایک محفوظ، منظم اور روحانی طور پر یادگار حج کا تجربہ حاصل کر سکیں۔
یہ ملک گیر تربیتی مہم پاکستان کی عازمین حج کی تیاری، حفاظتی اقدامات اور شعور اجاگر کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے، جو حج 2026 کو ہر حاجی کے لیے آسان اور یادگار بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
