اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں حج پروازوں کی ممکنہ معطلی یا تاخیر سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، اور واضح کیا ہے کہ حج 2026 کے تمام انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حج آپریشن کے حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اور نہ ہی پروازوں کے شیڈول کو معطل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ حکام نے زور دیا کہ سوشل میڈیا اور غیر مصدقہ ذرائع پر پھیلنے والی ایسی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
بیان کے مطابق حکومت پاکستان عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے، اور تمام انتظامی، سفری اور رہائشی امور کو بروقت مکمل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل کام کر رہے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ حج پروازوں کے حتمی شیڈول، روانگی کے مراحل اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد عازمین کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج انتظامات کے حوالے سے قریبی رابطہ برقرار ہے، اور دونوں ممالک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ حج 2026 بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی سے مکمل ہو۔وزارت مذہبی امور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں، تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا بے چینی سے بچا جا سکے۔
