وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے رجسٹرڈ عازمین سے واجبات کی وصولی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پہلی قسط آج بروز پیر سے وصول کی جا رہی ہے۔
وزارت کے مطابق رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 9 اگست تک پہلی قسط جمع کروا دیں، جبکہ اس عمل کو "پہلے آئیے پہلے پائیے” کی بنیاد پر مکمل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر نشستیں دستیاب رہیں تو 11 سے 16 اگست کے درمیان نئے عازمین کو بھی درخواستیں جمع کروانے کا موقع دیا جائے گا، تاہم نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی کا عمل روک دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ’حج پیکیج 2026‘ کی لاگت تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان رکھی گئی ہے، جو سہولیات اور اخراجات کے حساب سے مختلف ہو سکتی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ خواہشمند افراد نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں، جبکہ دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔
مزید برآں، حکومت کی جانب سے اس سال دوبارہ حج کرنے پر عائد پابندی اور عمر کی بالائی حد بھی ختم کر دی گئی ہے، جس سے زیادہ افراد کو اس فریضے کی ادائیگی کا موقع ملے گا۔
ماہرین کے مطابق نئی سہولتوں اور شفاف طریقہ کار سے حج کے انتظامات میں بہتری آنے کی توقع ہے، جبکہ عازمین کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Add A Comment